اسلام آباد (رم نیوز)وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے شارک کے تحفظ اور پائیدار ماہی گیری کے لیے 10 سالہ قومی منصوبہ پیش کر دیا ہے۔ اس جامع منصوبے کے تحت پاکستان 2035 تک پائیدار شارک ماہی گیری میں نمایاں مقام حاصل کرے گا۔ وزیر بحری امور نے بتایا کہ منصوبے کے پہلے پانچ سال کے لیے 50 لاکھ ڈالر تک درکار ہوں گے۔
اس حکمت عملی کے تحت شارک کے غیر قانونی فنز کاٹنے کی روک تھام، حادثاتی ہلاکتوں کا خاتمہ اور سمندری مسکن کو محفوظ بنایا جائے گا۔ جنید انوار چوہدری نے مزید کہا کہ شارک کی تعداد کا ہر سال جائزہ لیا جائے گا، ماہی گیر برادریوں کو متبادل روزگار فراہم کیا جائے گا اور تحفظ سے متعلق قوانین پر عمل درآمد کو مزید مؤثر بنایا جائے گا کیونکہ یہ اقدامات بین الاقوامی ماحولیاتی معاہدوں کے تحت پاکستان کی اہم ذمہ داری ہیں