وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا اسلام آباد پولیس کے جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا افتتاح

اسلام آباد (رم نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد پولیس کے جدید کمانڈ، کنٹرول، کمیونیکیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے۔ اس نئے سینٹر کے قیام سے آئی جی اسلام آباد اپنے دفتر سے ہی سیف سٹی، پولیس آپریشنز اور شہر بھر میں امن و امان کی صورتحال کو براہ راست مانیٹر اور کمانڈ کر سکیں گے۔

افتتاحی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ اس جدید سینٹر سے پولیس کی کمانڈ، مانیٹرنگ اور فوری فیصلہ سازی کے نظام میں گراں قدر بہتری آئے گی، جبکہ مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی سسٹمز سے فیلڈ فورس کی کارکردگی اور رسپانس ٹائم مزید مؤثر ہو جائے گا۔ محسن نقوی نے سینٹر کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور بریفنگ کے دوران اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہریوں کا تحفظ اور وفاقی دارالحکومت میں پائیدار امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس موقع پر آئی جی اسلام آباد پولیس اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔