اسلام آباد(رم نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی یومِ خواندگی کے موقع پر اپنے پیغام میں اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ تعلیم کو ہر بچے کا بنیادی حق بنایا جائے گا اور غربت کو کسی بھی بچے کے خوابوں کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا۔ عالمی یوم خواندگی کے حوالے سے جاری اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ خواندگی ایک بااختیار معاشرے کی اصل بنیاد ہے، جہاں ہر بچے کو سیکھنے، بڑے خواب دیکھنے اور اپنے بہتر مستقبل کی تعمیر کا یکساں حق حاصل ہونا چاہیے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ علم کی روشنی کو غربت، جنس یا کسی بھی قسم کے حالات کی تفریق کے بغیر ہر گھر تک پہنچنا چاہیے۔ بالخصوص لڑکیوں، پسماندہ طبقات اور دُور دراز علاقوں میں بسنے والے بچوں کے لیے تعلیم کے یکساں اور مساوی مواقع یقینی بنائے جائیں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا خواب ایک ایسا پاکستان دیکھنا تھا جہاں ہر بچہ زیورِ تعلیم سے آراستہ ہو کر ملکی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔ بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ ہر وہ بچہ جو پڑھنا سیکھتا ہے، وہ دراصل اپنے ہاتھوں میں ایک نئی امید اور روشن مستقبل کا امکان تھام لیتا ہے۔