مڈٹرم انتخابات کے بعد ایران سے جنگ ختم ہوجائے گی: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن(رم نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ مڈٹرم انتخابات کے بعد ایران کے ساتھ جاری جنگ ختم ہو جائے گی جس کے نتیجے میں تیل کی قیمتیں بھی تیزی سے گر جائیں گی۔ ڈیلاس روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول امریکہ کے پاس ہے، ایرانی بحریہ کے 9 جہاز تباہ کیے جا چکے ہیں اور ایران کا محاصرہ اچھے نتائج دے رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ فی الحال ایران کے ساتھ کسی معاہدے کے خواہاں نہیں ہیں، البتہ مذاکرات کا امکان موجود ہے، لیکن ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے۔ روسی صدر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے بتایا کہ ولادیمیر پیوٹن یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے معاہدہ کرنا چاہتے ہیں، جن کے ساتھ ان کی اچھی گفتگو ہوئی ہے اور ملاقات کا امکان بھی موجود ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے مغربی کنارے پر عائد پابندیوں کے معاملے پر بھی اسرائیل سے بات چیت کرنے کا اعلان کیا۔