لاہور(رم نیوز)پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اور تیز رفتار اضافے کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں صرف پانچ روز کے اندر پٹرول 21 روپے 88 پیسے اور ہائی سپیڈ ڈیزل 14 روپے 62 پیسے فی لیٹر مہنگا ہو چکا ہے۔ پٹرولیم ڈویژن کے اعداد و شمار کے مطابق 10 ستمبر 2026 سے پٹرول کی نئی قیمت 367 روپے 75 پیسے اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 392 روپے 67 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ 5 ستمبر کو پٹرول 345 روپے 87 پیسے اور ڈیزل 378 روپے 05 پیسے فی لیٹر کا تھا، جو روزانہ کی بنیاد پر بڑھتے بڑھتے اس سطح پر پہنچ گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پٹرول کی فی لیٹر اصل لاگت 234 روپے 73 پیسے بنتی ہے، تاہم حکومت کی جانب سے ہیوی ٹیکسز اور لیوی عائد کیے جانے کے باعث عوام کو یہ قیمتیں ادا کرنا پڑ رہی ہیں۔ اس وقت ایک لیٹر پٹرول پر 131 روپے 60 پیسے اور ڈیزل پر 122 روپے 55 پیسے لیوی، مختلف ٹیکسز اور مارجنز کی مد میں وصول کیے جا رہے ہیں۔
پانچ روز میں پٹرول 21 اور ڈیزل 14 روپے سے زائد مہنگا