واشنگٹن(رم نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ انہیں ایران کے خلاف جنگ شروع کرنے کے فیصلے پر ذرا برابر بھی پچھتاوا نہیں ہے، اور اگر دوبارہ موقع ملا تو وہ یہی قدم اٹھائیں گے۔ فاکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، اور ایران کو اس خطرناک راستے سے روکنا ان کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس جنگ کے نومبر کے وسط مدتی انتخابات پر کوئی منفی اثرات نہیں پڑیں گے، بلکہ ان کے حامیوں کو فخر ہے کہ وہ یہ جنگ لڑ رہے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران اب مشرقِ وسطیٰ کا غنڈہ نہیں رہا اور اس کی بحری صلاحیت کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اگر واشنگٹن بروقت کارروائی نہ کرتا تو ایران محض دو ماہ کے اندر جوہری ہتھیار حاصل کر لیتا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جنگ وسط مدتی انتخابات کے فوراً بعد اپنے انجام کو پہنچ جائے گی۔