یمن پر سلامتی کونسل کا اجلاس، پاکستان کی سعودی عرب سے مکمل یکجہتی

نیویارک(رم نیوز)اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے یمن سے متعلق ہنگامی اجلاس میں پاکستان نے سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے لیے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ وہ سعودی قیادت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔ پاکستان کے مطابق اقوامِ متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون کے تحت سعودی عرب کو اپنے دفاع، شہریوں کے تحفظ اور قومی اثاثوں کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات کا جائز حق حاصل ہے۔ پاکستان کے مستقل مندوب، سفیر عاصم افتخار احمد نے اجلاس میں پاکستان کا مؤقف پیش کیا اور اس کی تفصیلات سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر بھی شیئر کیں۔پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مملکت کی سلامتی اور استحکام کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا اور ہر خطرے کے مقابلے میں سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔