لاہور(رم نیوز) صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے مون سون بارشوں کے نویں اور آخری سپیل کے سلسلے میں صوبہ بھر میں نیا الرٹ جاری کر دیا ہے، جس کے تحت آج سے 17 ستمبر تک مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق، آج راولپنڈی، جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور اٹک میں بارش کا امکان ہے، جبکہ اس دوران لاہور میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے جہاں درجہ حرارت 27 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔کل سے 17 ستمبر کے دوران لاہور سمیت سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، گجرات، وزیر آباد، حافظ آباد، قصور، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب اور سرگودھا میں بادل برسنے کی توقع ہے۔
اسی طرح خوشاب، میانوالی، نور پور تھل، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور گردونواح کے علاقوں میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خدشہ ظاہر کرتے ہوئے تمام متعلقہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ بڑے شہروں بالخصوص راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ جبکہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے، اس لیے متعلقہ اداروں کو پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔