کراچی(رم نیوز) ایئرپورٹ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ نے بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کے لیے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ آئندہ مورخہ 14 ستمبر سے نادرا کے جاری کردہ ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر بین الاقوامی سفر کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔ جاری کردہ اعلامیے کے مطابق بالخصوص عمرہ زائرین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ملک سے روانگی سے قبل نادرا کا ویکسینیشن کارڈ لازمی طور پر حاصل کریں۔
بین الاقوامی مسافروں کی ویکسینیشن کے لیے فیڈرل گورنمنٹ سول ڈسپنسری کو واحد مجاز مرکز مقرر کیا گیا ہے، جبکہ تمام متعلقہ ائیرلائنز کو بھی سختی سے پابند کیا گیا ہے کہ وہ سفر سے قبل عمرہ زائرین کے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کی تصدیق کو یقینی بنائیں۔ محکمہ صحت نے واضح کیا ہے کہ جو مسافر ائیرپورٹ پر ہی ویکسین لگوانے کے خواہشمند ہوں، وہ اپنی پرواز کے وقت سے کم از کم 6 گھنٹے قبل ائیرپورٹ پہنچیں، کیونکہ انٹرنیشنل ڈپارچر پر ہی ویکسینیشن اور اس کی آن لائن رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا جائے گا۔