اسلام آباد(رم نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بڑھتی ہوئی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے دوٹوک احکامات جاری کیے ہیں کہ کسی بھی علاقے میں دو گھنٹے سے زائد بجلی کی بندش نہیں ہونی چاہیے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ملک میں بجلی کی لوڈ مینجمنٹ سے متعلق ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ آبنائے ہرمز میں جاری کشیدگی اور ترسیلی مشکلات کے باعث آر ایل این جی کی درآمد اور فراہمی متاثر ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں بجلی کی مجموعی پیداوار میں کمی آئی ہے اور طلب و رسد میں توازن برقرار رکھنے کے لیے لوڈ مینجمنٹ کرنا مجبوری بن گیا ہے۔ وزیراعظم نے آر ایل این جی کی ترسیل میں تعطل پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات اٹھانے اور بجلی کی پیداوار و ترسیل کے لیے دستیاب تمام وسائل کو انتہائی مؤثر انداز میں بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو اس مشکل صورتحال میں ریلیف فراہم کیا جائے اور دو گھنٹے سے زائد کی لوڈشیڈنگ کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی بجلی کی غیر معمولی لوڈشیڈنگ پر سخت سرزنش، 2 گھنٹے سے زائد بندش پر پابندی کا حکم