سیمی فائنل میں شکست: سری لنکا نے پاکستان کو باہر کر کے ایشیا کپ کے فائنل میں جگہ بنالی

دبئی(رم نیوز) ویمنز ایشیا کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکن ٹیم نے پاکستان کو 4 وکٹوں سے آؤٹ کلاس کر کے فائنل کا ٹکٹ کٹا لیا، جبکہ اس ہار کے ساتھ ہی قومی ویمنز ٹیم کا ٹورنامنٹ میں سفر اختتام پذیر ہو گیا۔ دبئی کے میدان پر کھیلے گئے اس اہم میچ میں قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز کئے ۔ گرین شرٹس کی جانب سے کپتان فاطمہ ثنا نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 36 گیندوں پر 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 47 رنز کی بہترین اننگز کھیلی۔ دیگر بیٹرز میں شوال ذوالفقار نے 24 اور گل فیروزہ نے 21 رنز کا حصہ ڈالا، جبکہ طوبہ حسن 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔ ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ویمنز نے مطلوبہ ہدف 18.4 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنا کر پورا کر لیا۔ سری لنکا کی طرف سے ہرشیتھا سماراوکراما نے 36 اور کویشا دلہاری نے 33 رنز کی نمایاں اننگز کھیلیں، جبکہ نلکشیکا سلوا (18) اور کاؤشینی نوتھیانگانا (10) نے قیمتی رنز بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ پاکستان کی جانب سے کپتان فاطمہ ثنا نے باؤلنگ میں بھی شاندار جوہر دکھاتے ہوئے 3.4 اوورز میں 38 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سعدیہ اقبال اور امِ ہانی نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔سری لنکا نے اس کامیابی کے ساتھ ویمنز ایشیا کپ کے فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے، جہاں اب ٹائٹل کے حصول کے لیے اس کا مقابلہ بھارت سے ہوگا۔