ضلعی عدالتیں نظام انصاف کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، تمام ادارے ذمہ داریاں پوری کریں: چیف جسٹس پاکستان

اسلام آباد (رم نیوز)چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ عوام کو انصاف کی بروقت فراہمی ناگزیر ہے اور تمام اداروں کو اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنا ہوں گی۔ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان کا کہنا تھا کہ ضلعی عدالتیں ملکی نظامِ انصاف میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں، اس لیے ضلعی عدالتوں اور ہائیکورٹس کے درمیان رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنایا جائے۔ انہوں نے نوجوان ججز پر زور دیا کہ وہ بہترین انداز میں انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور اپنے فرائض پوری ایمانداری کے ساتھ انجام دیں۔ چیف جسٹس نے مزید بتایا کہ ملک بھر میں ایک جامع نظامِ انصاف کے قیام کے لیے عدلیہ کی ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جا رہا ہے، اور عدالتی ضابطہ اخلاق میں بھی اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں۔ اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا کہ عدلیہ کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے عدالتوں کو سولر سسٹمز پر منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ انہیں انٹرنیٹ کی بہترین سہولیات اور ای لائبریریز بھی فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے اس موقع پر جاری ترقیاتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان کی تمام تحصیلوں اور اضلاع میں بنیادی ضروریات کی فراہمی پر کام جاری ہے، خواتین اور بچوں کے لیے خصوصی سہولت مراکز قائم کیے جا رہے ہیں۔