اسلام آباد (رم نیوز) پاکستان نے سعودی عرب کی اہم ایسٹ ویسٹ پائپ لائن پر ہونے والے ڈرون حملوں کی پرزور اور شدید مذمت کرتے ہوئے برادر ملک کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ریاض اور مدینہ کے علاقوں میں پائپ لائن کو ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں شہری تنصیبات کو نقصان پہنچا اور شہری زخمی ہوئے۔ دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ سعودی عرب میں شہری تنصیبات پر اس قسم کے حملے بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی اور خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ڈرون حملے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی بھی کھلی خلاف ورزی ہیں جو کشیدگی میں خطرناک اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، سلامتی اور خوشحالی کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور اس مشکل وقت میں سعودی قیادت، حکومت اور برادر عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، جبکہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔