اسلام آباد(رم نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف اور سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حالیہ حملوں، بالخصوص شہری اور اقتصادی بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنائے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور برادر ملک کی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ حوثیوں کی یہ کارروائیاں علاقائی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں، جو عالمی معیشت اور توانائی کی بلاتعطل فراہمی کو بھی متاثر کر سکتی ہیں۔ وزیراعظم نے اس موقع پر عزم ظاہر کیا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی میں کمی لانے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے بحران کی اس گھڑی میں سعودی ولی عہد کی دانشمندانہ قیادت کو خراج تحسین پیش کیا اور خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دوسری جانب، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مشکل وقت میں پاکستان کی جانب سے مسلسل اور ثابت قدم حمایت پر شکریہ ادا کیا اور خطے میں امن کے فروغ کے لیے کی جانے والی پاکستانی کوششوں کو سراہا۔