وزیراعظم شہباز شریف کا عوام کے لیے خصوصی پٹرول ریلیف سکیم کا اعلان

اسلام آباد(رم نیوز) مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات سے عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے "خصوصی پٹرول ریلیف سکیم" کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت سے جاری اپنے بیان میں وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ موجودہ کٹھن وقت میں حکومت عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور تیل کی قیمتوں کے بوجھ کو کم کرنے کے لیے موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو پٹرول پر 100 روپے فی لٹر ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

ریلیف سکیم کی تفصیلات کے مطابق، دو اور تین پہیوں والی سواریوں (موٹرسائیکل، رکشہ اور چنگچی) کے لیے ماہانہ 20 لٹر پٹرول پر 100 روپے فی لٹر کے حساب سے سبسڈی دی جائے گی، جبکہ 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ 30 لٹر پٹرول پر 100 روپے فی لٹر ریلیف ملے گا۔ سکیم کے نفاذ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد کی حدود میں اس کا اطلاق آئندہ پیر اور منگل کی درمیانی شب سے ہوگا، جبکہ پورے پاکستان، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں اس کا آغاز بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ اس فلاحی سکیم کے لیے رجسٹریشن کا عمل آج ہی سے شروع کر دیا گیا ہے، اور شہریوں کی سہولت کے لیے آگاہی مہم کے ذریعے طریقہ کار سے متعلق تمام معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔