آئرلینڈ(رم نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری کشیدگی اور جنگ مڈٹرم انتخابات کے بعد ختم ہو جائے گی، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ کوئی بھی ایسا معاہدہ قبول نہیں کریں گے جو ان کے لیے قابلِ قبول نہ ہو۔ آئرلینڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکتا اور وہ امریکہ کے ساتھ معاہدے کے لیے بے تاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر امریکی نمائندے ایرانی حکام سے ملاقات کرتے ہیں تو انہیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔
یوکرین کے معاملے پر بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے بتایا کہ ان کی یوکرینی صدر ولاودیمیر زیلنسکی سے بھی گفتگو ہوئی ہے، اور انہوں نے زیلنسکی پر زور دیا ہے کہ روس میں تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنانا بند کیا جائے۔ وینزویلا کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ امریکا وہاں سے بڑی مقدار میں تیل حاصل کر رہا ہے، جبکہ ملک میں انتخابات حالات سازگار ہونے پر ہی کروائے جائیں گے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے ملکی معیشت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ امریکا میں دنیا کی سب سے کم شرح سود ہونی چاہیے کیونکہ امریکی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ مصنوعی ذہانت کے شعبے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو بھی ملک اس میدان میں سبقت حاصل کرے گا، وہی کامیاب ہوگا۔