ڈبلن (رم نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اشارہ دیا ہے کہ امریکا وینزویلا کی طرح ایران میں بھی تیل کے ذخائر اپنے قبضے میں لے سکتا ہے۔ آئرلینڈ کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ انہیں توقع ہے کہ مشرق وسطیٰ کی موجودہ جنگ رواں برس نومبر میں وسط مدتی انتخابات کے فوراً بعد ختم ہو جائے گی۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ وہ صرف ایک منصفانہ معاہدہ کریں گے اور تہران کے ساتھ کسی بھی کمزور سمجھوتے کا حصہ نہیں بنیں گے۔
ان کے مطابق ایران امن مذاکرات کے لیے مسلسل رابطے کر رہا ہے، جبکہ تہران ماضی میں ایسے دعوؤں کی تردید کرتا رہا ہے۔ صدر ٹرمپ نے وضاحت کی کہ ایران کے ساتھ معاملات کا طریقہ کار وہی ہو سکتا ہے جو اگست میں وینزویلا کے ساتھ تیل کی پیداوار کے حوالے سے طے پایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا بالآخر ایران سے نکل جائے گا، جب تک کہ وہاں طویل قیام کرنے اور وینزویلا کی طرح تیل اپنے کنٹرول میں رکھنے کا فیصلہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وینزویلا سے آنے والی آمدنی نے جنگ کے اخراجات کا بڑا حصہ پورا کر دیا ہے۔