اسلام آباد(رم نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی یومِ جمہوریت پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آئینِ پاکستان تمام شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا محافظ ہے، جو مساوات، انصاف اور قانون کی بالادستی کی ضمانت دیتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پارلیمان عوام کی حقیقی نمائندگی کا مرکزی ادارہ ہے جو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق قانون سازی کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئینِ پاکستان خواتین کی بھرپور شرکت اور اقلیتوں کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کا بھی مکمل عزم ظاہر کرتا ہے۔ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول اور جمہوری اقدار کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔