کیا ذہنی دباؤ واقعی نظر کو کمزور کر سکتا ہے؟ ماہرین کا اہم انکشاف

کیلیفورنیا(رم نیوز)طبی ماہرین کے مطابق ذہنی دباؤ (سٹریس) واقعی انسانی بینائی کو متاثر کر سکتا ہے۔ دباؤ کے دوران بعض افراد کو نظر دھندلی ہونے، آنکھوں میں جھلملاہٹ یا توجہ مرکوز کرنے میں دشواری ہوسکتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ذہنی دباؤ سے متعلق آنکھوں کی سب سے عام علامت پلکھوں کا غیر ارادی طور پر پھڑکنا ہے، جسے 'مایوکیمیا' کہا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ شدید ذہنی دباؤ جسم کے 'فائٹ یا فلائٹ' ردِعمل کو متحرک کرتا ہے، جس سے پتلیاں پھیلتی ہیں اور آنکھوں میں خشکی کے باعث نظر عارضی طور پر دھندلی محسوس ہو سکتی ہے۔ طویل دباؤ آنکھوں اور گردن کے پٹھوں میں تناؤ پیدا کرتا ہے، جبکہ دباؤ کی وجہ سے 'سی ایس آر' نامی بیماری بھی لاحق ہو سکتی ہے جس میں ریٹینا کے نیچے رطوبت جمع ہونے سے نظر میں سیاہ دھبے یا سیدھی لکیریں ٹیڑھی دکھائی دیتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق مناسب نیند، آرام، سکرین کے استعمال سے وقفہ اور ذہنی دباؤ میں کمی ان علامات کو بہتر بنا سکتی ہے۔ تاہم، اگر نظر اچانک متاثر ہو، مسئلہ صرف ایک آنکھ میں ہو یا سیاہ دھبہ محسوس ہو تو اسے محض سٹریس سمجھ کر نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔