اسلام آباد (رم نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مکہ مکرمہ جیسے مقدس مقام پر ڈرون حملے کی بزدلانہ اور گھناؤنی کوشش کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان اس نازک موقع پر سعودی عرب کے ساتھ غیر متزلزل طریقے سے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ "ایکس" پر جاری کردہ اپنے بیان میں وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ اس اشتعال انگیز اور ناقابلِ معافی فعل پر پاکستانی عوام انتہائی رنجیدہ اور فکرمند ہیں، اور اس گہرے صدمے کو بیان کرنے کے لیے الفاظ ناکافی ہیں۔
انہوں نے سعودی مسلح افواج کی جرأت مندانہ اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا جن کی بروقت کارروائی نے اس خطرناک کوشش کو ناکام بنا دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کشیدگی میں کمی لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے تمام فریقین سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں، کیونکہ خطے میں دیرپا امن کے حصول کا واحد اور مؤثر راستہ صرف بات چیت اور سفارت کاری ہے۔