ٹیکسٹائل برآمد کنندگان کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے: جنید انوار چوہدری

اسلام آباد (رم نیوز) وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری کی زیر صدارت ٹیکسٹائل کے درآمدی اور برآمدی شعبے کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں برآمدی کارگو کی جلد کلیئرنس اور بندرگاہوں پر مال کے رُکنے کے دورانیے کو کم کرنے کے لیے موثر اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ ملکی ٹیکسٹائل برآمدات کو بڑھانے کے لیے تمام رکاوٹوں کا فوری خاتمہ اور مربوط اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کارگو کی بندرگاہ پر آمد سے پہلے تمام لازمی دستاویزات کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ غیر ضروری تاخیر سے بچا جا سکے۔

جنید انوار چوہدری نے کہا کہ "پاکستان سنگل ونڈو" سسٹم کے موثر استعمال کو عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے، اور پیشگی الیکٹرانک پراسیسنگ کے ذریعے کارگو کی کلیئرنس کا وقت کافی حد تک گھٹایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے خطے کی موجودہ مجموعی صورتحال اور شپنگ روٹس میں حائل مسائل کا ذکر کرتے ہوئے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ ان رکاوٹوں سے ترسیلی وقت بڑھ رہا ہے، جبکہ بندرگاہوں پر تاخیر کا براہِ راست اور منفی اثر برآمدی مسابقت پر پڑتا ہے۔ اجلاس کے اختتام پر انہوں نے برآمد کنندگان، کسٹمز اور شپنگ لائنز کے درمیان باہمی رابطہ کاری کو مزید مربوط بنانے کی ہدایت کی۔