اسلام آباد (رم نیوز)انڈونیشین بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں آمد پر پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے انہیں پرتپاک انداز میں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انڈونیشین نیوی کے سربراہ نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور مادرِ وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اس کے بعد انہوں نے نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف سے اہم ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی مجموعی بحری سلامتی اور دوطرفہ بحری تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران دونوںممالک کے عسکری حکام نے اس امر پر زور دیا کہ پیشہ ورانہ تربیت، باہمی دوروں کے تبادلے اور مشترکہ بحری مشقوں کے انعقاد کے ذریعے پاکستان اور انڈونیشیا کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے۔ انڈونیشین نیوی کے سربراہ نے علاقائی سمندری امن اور سلامتی کے لیے پاک بحریہ کی گراں قدر کاوشوں کی پُرخلوص تحسین کی۔