سفارتی فیصلہ: کینیڈا کو یورپی یونین کا پہلا ایسوسی ایٹ ممبر بنانے کی تجویز

برسلز(رم نیوز)یورپی یونین نے برطانیہ اور کینیڈا کے ساتھ مل کر اپنی الگ سکیورٹی کونسل تشکیل دینے کا اعلان کر دیا ہے۔یورپی کمیشن کی صدر ارسلا فان ڈیر لاین نے یہ تجویز دی ہے کہ کینیڈا کو یورپی یونین کا پہلا ایسوسی ایٹ ممبر بنایا جائے۔ یہ اہم پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکہ اور کینیڈا کے مابین تجارتی کشیدگی عروج پر ہے اور دونوں ممالک ایک دوسرے کے خلاف تجارتی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکہ کینیڈا کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، تاہم دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کینیڈا کو امریکہ کی 51ویں ریاست بنانے کے بیانات دیے جا چکے ہیں، جنہیں کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی واضح طور پر مسترد کر چکے ہیں۔ کینیڈا اور یورپ کے درمیان گہرے تاریخی اور ثقافتی روابط موجود ہیں، جبکہ کینیڈا کا پارلیمانی جمہوری نظام، یونیورسل ہیلتھ کیئر اور سماجی بہبود کے اصول بھی یورپی ممالک سے کافی مشابہت رکھتے ہیں۔ اس تعلق کو مضبوط بنانے میں واحد جغرافیائی رکاوٹ یہ ہے کہ کینیڈا یورپ سے باہر واقع ہے، جس کے حل کے طور پر اب اسے ایسوسی ایٹ ممبر بنانے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔