اقوام متحدہ کی مشرق وسطیٰ اور یوکرین میں کشیدگی پر تشویش، فوری امن کا مطالبہ

نیویارک(رم نیوز)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے آغاز سے قبل عالمی امن کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مشرق وسطیٰ اور یوکرین کے تنازعات کے فوری حل پر زور دیا ہے۔ نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انتونیو گوتریس نے حوثیوں اور سعودی عرب پر زور دیا کہ وہ خطے میں جاری کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے مذاکرات کا راستہ اپنائیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ مشرق وسطیٰ کے حالات کو مزید خراب ہونے سے بچانے کے لیے فریقین کے درمیان بات چیت انتہائی ناگزیر ہے۔ یوکرین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے جنگ بندی اور منصفانہ امن کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کا مطالبہ کیا اور روس و یوکرین کے عام شہریوں کو درپیش مشکلات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے بحیرہ اسود کی ناکہ بندی سے پیدا ہونے والے سنگین بحران پر بھی روشنی ڈالی۔ فلسطین کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سربراہ نے کہا کہ مقبوضہ مغربی کنارے کے حالات انتہائی تشویشناک ہیں اور اسرائیلی آبادکاروں کی پرتشدد کارروائیاں اب برداشت سے باہر ہو چکی ہیں۔