اسلام آباد(رم نیوز) پاکستان نے مقدس شہر مکہ مکرمہ کی سمت کیے گئے حملے اور سعودی عرب کے خلاف حوثی باغیوں کی مسلسل جارحیت پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حرمین شریفین کی حرمت اور سعودی عرب کی علاقائی سالمیت پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں دفترِ خارجہ کی ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران ترجمان سجاد حیدر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی کوشش ایک نہایت گھناؤنا اور انتہائی تشویشناک اقدام ہے، جس سے دنیا بھر میں بسنے والے کروڑوں مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے۔ ترجمان دفترِ خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان اپنے برادر اسلامی ملک سعودی عرب کی خودمختاری، امن اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پوری طرح شانہ بشانہ کھڑا ہے اور سعودی عرب کے شہری علاقوں اور اہم تنصیبات پر حوثی شدت پسندوں کے حملوں کی پُر زور مذمت کرتا ہے۔