مغربی ہواؤں کا اثر، کراچی میں مزیدبوندا باندی کی پیش گوئی

کراچی(رم نیوز)سندھ کے بالائی اور وسطی حصوں پر مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ اثر انداز ہو رہا ہے، جس کے باعث آج اور کل کراچی میں موسم جزوی طور پر ابرآلود اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران صبح اور رات کے اوقات میں شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی پھوار یا بوندا باندی ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے گزشتہ رات کراچی میں ہونے والی بارش کے اعداد و شمار بھی جاری کر دیے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق شہر میں سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 5.7 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ گلشنِ حدید میں 3.5 اور نارتھ کراچی میں 2.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ شہر کے دیگر علاقوں میں بارش کا پیمانہ مقررہ حد سے کم ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب، محکمہ موسمیات نے سندھ کے دیگر اضلاع کے لیے بھی پیشگوئی کی ہے کہ جیکب آباد، کشمور، شکار پور، لاڑکانہ، سکھر، گھوٹکی، خیرپور، دادو اور جامشورو کے مختلف مقامات پر آج اور کل آندھی اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔