کراچی پورٹ کا شپنگ انڈیکس سکور 343 تک پہنچ گیا، عالمی درجہ بندی میں پاکستان 34ویں نمبر پر آگیا: جنید انوار چوہدری

اسلام آباد(رم نیوز) وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ کراچی پورٹ کی عالمی بحری رابطہ کاری میں غیرمعمولی بہتری ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان عالمی درجہ بندی میں ترقی کرتے ہوئے 34ویں نمبر پر آ گیا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے انکشاف کیا کہ کراچی پورٹ کا پورٹ لائنر شپنگ کنیکٹیویٹی انڈیکس سکور بڑھ کر 343 پر پہنچ چکا ہے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ یہ اہم انڈیکس دنیا بھر کی تقریباً 900 بندرگاہوں کے کارکردگی ڈیٹا پر مرتب کیا جاتا ہے۔ وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ کراچی پورٹ کی یہ شاندار کارکردگی عالمی تجارت کے ساتھ پاکستان کے گہرے اور مضبوط انضمام کی علامت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بہتری کے نتیجے میں ملک کے برآمد کنندگان کے لیے تجارت کے نئے اور آسان مواقع پیدا ہوں گے، جس سے مجموعی طور پر عالمی سطح پر پاکستان کی تجارتی پوزیشن کو مزید تقویت ملے گی۔ جنید انوار چوہدری نے عزم ظاہر کیا کہ بندرگاہوں کی جدید کاری اور تجارتی سہولت کاری حکومت کی اولین ترجیحات کا حصہ رہیں۔