بچوں کی صحت کے لیے اقدام، پاکستان میں 'ہیگزویلنٹ ویکسین' متعارف کرانے کی منظوری:مصطفیٰ کمال

اسلام آباد(رم نیوز)وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت بین الادارہ جاتی رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک کے معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات کے نظام میں جدید 'ہیگزویلنٹ ویکسین' متعارف کرانے کی باضابطہ منظوری دے دی گئی ہے۔ اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہیگزویلنٹ ویکسین کی طرف یہ منتقلی پاکستان کے حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگرام میں ایک انقلابی پیش رفت ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ وزارت گزشتہ 14 ماہ سے 'گاوی' اور دیگر عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر اس موثر ویکسین تک رسائی کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی تھی۔

مصطفیٰ کمال نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس نئی ویکسین کی بدولت بچوں کو ایک ساتھ چھ خطرناک بیماریوں سے محفوظ بنایا جا سکے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس سے بچوں کو کم انجیکشنز لگیں گے، جس سے انہیں کم تکلیف برداشت کرنا پڑے گی اور اس عمل سے والدین کا طبی عملے پر اعتماد اور تعاون بھی مزید بڑھے گا۔ وزیر صحت کا مزید کہنا تھا کہ اس ویکسین کی شمولیت سے نہ صرف حفاظتی ٹیکہ جات کا نظام زیادہ کارگر ہوگا بلکہ ملک کے دور دراز علاقوں تک رسائی بہتر بنانے اور ویکسینیشن کے حوالے سے موجودہ خامیوں یا خلا کو پر کرنے میں بھی مدد ملے گی۔