کفایت شعاری مہم: بازار رات 9 اور شادی ہال 10 بجے بند کرنے کا حکم

اسلام آباد(رم نیوز)وفاقی حکومت نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر ملک بھر میں سخت کفایت شعاری مہم کا اعلان کر دیا ہے۔ کابینہ ڈویژن کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ نئے احکامات کے تحت ملک بھر میں دکانیں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 9 بجے، شادی ہالز و مارکیز رات 10 بجے جبکہ ریسٹورنٹس اور فوڈ آؤٹ لیٹس رات 11 بجے بند کرنا ہوں گے (تاہم ریسٹورنٹس سے ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری اس پابندی سے مستثنیٰ ہوگی)۔ اس کے علاوہ شادی کی تمام تقریبات میں صرف "ون ڈش" کی پابندی ہوگی۔

فارمیسی، ہسپتال، کلینکس، میڈیکل لیبارٹریز، پٹرول پمپس، بیکریز، تندور، دودھ اور ڈیری شاپس، الیکٹرک وہیکل چارجنگ سٹیشنز اور جم اوقات کار کی ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے۔سرکاری گاڑیوں کے لیے 3 ماہ تک ایندھن کی فراہمی میں 50 فیصد کمی کر دی گئی ہے جبکہ نان ای آر ای بجٹ میں 5 فیصد کمی کی جائے گی۔ تمام نئی گاڑیوں اور پائیدار اشیاء کی خریداری پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ تین ماہ کے لیے تمام غیر ملکی سرکاری دوروں اور سفر پر مکمل پابندی ہوگی۔ اس کے علاوہ غیر ملکی وفود کے علاوہ سرکاری عشائیوں، سیمینارز اور کانفرنسز کی میزبانی پر بھی پابندی عائد کرتے ہوئے سرکاری اجلاسوں کے لیے ویڈیو کانفرنسنگ کو ترجیح دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔