واشنگٹن(رم نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تنازع کو ختم کرنے کے لیے امریکہ بڑے پیمانے پر حملے دوبارہ شروع کرنے کے آپشن پر سنجیدگی سے غور کر رہا ہے۔ ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ جاری کشیدگی ایک اہم اور فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ تمام تر کشیدگی کے باوجود تہران تاحال واشنگٹن سے براہ راست رابطے میں ہے اور ایک معاہدہ کرنے کا خواہشمند ہے۔
مستقبل کی حکمت عملی کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جنگ کے اگلے مرحلے کے سلسلے میں وہ خلیجی اتحادی ممالک سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین، کویت اور عمان—کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کر کے ان کی رائے معلوم کریں گے۔ صدر ٹرمپ نے ایران پر معاشی دباؤ کا ذکر کرتے ہوئے مزید کہا کہ امریکی بحری ناکہ بندی کی وجہ سے ایران کے لیے تیل کی برآمدات تقریباً ناممکن ہو چکی ہیں۔