کے پی اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشنز, 17 دہشت گرد ہلاک، 6 جوان شہید

راولپنڈی(رم نیوز)خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے کامیاب انٹیلی جنس اور کاؤنٹر ٹیررازم کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 17 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ اس دوران وطن کے دفاع میں 6 جوان جامِ شہادت نوش کر گئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں جاری آپریشن "ردالفتنہ 3" کے تحت پنجگور کے علاقے فتح علی میں کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو مار گرایا گیا، جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔ اس کے علاوہ ضلع کچھی کے علاقے دھاڈر میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران مزید 2 دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ فورسز کا عزم ہے کہ صوبے سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

ادھر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیے گئے آپریشن میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 6 خوارج کو ہلاک کیا گیا۔ ہنگو میں ہونے والی ایک اور جھڑپ کے دوران مزید 4 خوارج مارے گئے۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 17 ستمبر کو سکیورٹی فورسز کے قافلے کو آئی ای ڈی (بارودی سرنگ) دھماکے کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 6 بہادر جوان شہید ہو گئے۔ سکیورٹی فورسز کی ان کارروائیوں میں ہلاک ہونے والے بھارت کے حمایت یافتہ عناصر کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔