برسلز(رم نیوز) عرب ممالک اور یورپی یونین نے سعودی عرب پر حوثی باغیوں کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مملکت کے ساتھ مکمل یکجہتی اور بھرپور عزم کا اظہار کیا ہے۔ اردن اور کویت نے ان حملوں کو سعودی عرب کی خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ملک کی سلامتی کے لیے اٹھائے جانے والے تمام اقدامات کی غیر مشروط حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
بحرین نے بھی حملے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے واضح کیا کہ سعودی عرب کا امن اور استحکام براہِ راست بحرین کی قومی سلامتی کا لازمی حصہ ہے۔ بحرین نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حوثیوں کے مسلسل حملوں کے خلاف سخت مؤقف اپنائے اور ذمہ داروں کو جواب دہ بنائے۔ دوسری جانب یورپی یونین نے بھی حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سعودی عرب سے یکجہتی کا یقین دلایا ہے۔
یورپی یونین کے خارجہ امور کے ترجمان انور العنونی نے کہا کہ شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے، اور انہوں نے حوثیوں سے فوری طور پر تمام فوجی کارروائیاں روکنے کا مطالبہ کیا۔ یورپی یونین کے مطابق حوثیوں کی یہ کارروائیاں یمن کے تنازع کے غیر فوجی اور سیاسی حل کے امکانات کو شدید نقصان پہنچا رہی ہیں اور علاقائی سلامتی کے لیے بڑا خطرہ ہیں۔