ماسکو (رم نیوز) روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے انکشاف کیا ہے کہ مغربی ممالک "روسی خطرے" کا من گھڑت بیانیہ تخلیق کر کے ماسکوکے خلاف باقاعدہ جنگ کی تیاریاں کر رہے ہیں۔ماسکو میں چوتھی کانگریس انٹرنیشنل روسوفائل موومنٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے روسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مغربی ممالک کا حکمران طبقہ مسلسل یہ پروپیگنڈا کر رہا ہے کہ روس سے خطرہ ہے، اور وہ ماسکو پر یورپی اقدار کو نقصان پہنچانے کے بے بنیاد الزامات عائد کر کے جنگی ماحول تیار کر رہا ہے۔
تاہم انہوں نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ روس اپنی قومی سلامتی کو درپیش تمام تر بیرونی چیلنجز کا بھرپور اور مؤثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ سرگئی لاروف نے امریکی اور یورپی رہنماؤں کے سیاسی رویوں میں پائے جانے والے فرق کوبیان کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن کے ساتھ بنیادی نوعیت کے شدید اختلافات کے باوجود امریکی حکام بات چیت کا دروازہ کھلا رکھتے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ماسکو ان تمام غیر ملکی عہدیداروں کے ساتھ سنجیدہ مذاکرات کے لیے ہمیشہ آمادہ ہے جو سنجیدہ گفتگو کے خواہاں ہوں، بشرطیکہ وہ محض پبلک تنقید دہرانے کے لیے روس کا دورہ نہ کریں۔ روسی وزیر خارجہ نے اپنے بیان کے آخر میں انکشاف کیا کہ ماسکو اور واشنگٹن کے مابین سفارتی سطح پر رابطے اور بات چیت کا عمل جاری رہنے کے باوجود دوطرفہ تعلقات میں کوئی عملی یا بنیادی تبدیلی رونما نہیں ہوئی، اور نہ ہی قریبی مستقبل میں ایسی کسی پیش رفت کی کوئی توقع کی جا رہی ہے۔