گرین لینڈ کے دفاعی کنٹرول اور سکیورٹی کا معاہدہ طے:ٹرمپ کا دعوی

واشنگٹن(رم نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک اہم اعلان میں بتایا ہے کہ امریکہ، ڈنمارک اور گرین لینڈ کے درمیان گرین لینڈ کی سکیورٹی کے حوالے سے مفاہمت طے پا گئی ہے، جس کے نتیجے میں امریکہ کو اس قطبی خطے میں مستقل دفاعی کردار مل جائے گا۔ طے پانے والے اس معاہدے کے تحت امریکہ گرین لینڈ کے دفاعی تقاضے پورے کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کا مجاز ہوگا۔

معاہدے کی رو سے، امریکہ کے حریف یا مخالف ممالک کو سٹریٹجک اہمیت کے حامل گرین لینڈ میں فوجی اڈے قائم کرنے، کسی بھی قسم کی فوجی موجودگی رکھنے یا حساس شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ مزید برآں، امریکہ اس خطے میں اپنی فوجی موجودگی کو بھی وسعت دینے کا ارادہ رکھتا ہے۔ دوسری جانب، ڈنمارک کی وزیراعظم میٹے فریڈرکسن کے دفتر نے تصدیق کی ہے کہ تینوں فریقین اگلے ہفتے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر اس معاہدے پر باقاعدہ دستخط کریں گے۔واضح رہے کہ گرین لینڈ میں امریکہ کا 'پِٹوفک سپیس بیس' پہلے سے فعال ہے، جو کہ خلائی نگرانی، میزائل وارننگ سسٹم اور دفاعی نقطہ نظر سے انتہائی کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔