پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل, پانچ سالہ بی ڈی ایس پروگرام کا نفاذ موخر

اسلام آباد(رم نیوز) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے ملک بھر میں پانچ سالہ بی ڈی ایس (BDS) پروگرام کا نفاذ فی الحال موخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کونسل کی جانب سے اس سلسلے میں جاری کیا گیا سابقہ نوٹیفکیشن بھی واپس لے لیا گیا ہے، جو رواں سال 8 جولائی کو جاری ہوا تھا۔ پی ایم ڈی سی کے مطابق، بی ڈی ایس پروگرام کے موجودہ تعلیمی ڈھانچے اور نصاب کا از سر نو اور جامع جائزہ لینے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ اس جائزے کے دائرہ کار میں بی ڈی ایس ڈگری کے ہاؤس جاب اور انٹرن شپ کے فریم ورک کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ ڈینٹل ایجوکیشن کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ پی ایم ڈی سی نے واضح کیا ہے کہ پانچ سالہ بی ڈی ایس پروگرام سے متعلق آئندہ کے تمام فیصلے اس جامع جائزے کی تکمیل کے بعد ہی کیے جائیں گے، اور اس عمل کی تکمیل کے بعد ہی نئے فریم ورک کی تفصیلات جاری کی جائیں گی۔