پیرس(رم نیوز) فرانسیسی صدر ایمانویل میکخواں نے کہا ہے کہ فرانس میں ایندھن کی آسمان چھوتی قیمتیں حکومت کی کسی پالیسی کا نہیں بلکہ بگڑتے ہوئے بین الاقوامی جغرافیائی و سیاسی حالات کا نتیجہ ہیں۔ صدر میکخواں کے مطابق، وہ آبنائے ہرمز کو بحال کروانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، لیکن اس کے لیے امریکہ اور ایران کے درمیان کسی معاہدے کا طے پانا لازمی ہے جو کہ قلیل مدت میں ہوتا دکھائی نہیں دیتا۔ توانائی کے اس سنگین بحران کا حل تلاش کرنے کے لیے آئندہ ہفتوں میں جی سیون (G7) ممالک کے وزرائے توانائی فرانس میں سر جوڑ کر بیٹھیں گے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے آبنائے ہرمز، باب المندب اور بحیرۂ احمر میں جہاز رانی کی مکمل آزادی پر زور دیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سمندری ناکہ بندی کی وجہ سے پیٹرول پمپس پر قیمتیں عوام کے لیے "ناقابلِ برداشت" ہو چکی ہیں اور اس نے عام شہریوں کی زندگی کو شدید متاثر کیا ہے۔
ایندھن کی قیمتیں ناقابلِ برداشت ہو چکی ہیں:فرانسیسی صدر کا اعتراف