کوہاٹ پولیس لائنز حملہ، سکیورٹی فورسز کا آپریشن مکمل، 8 دہشتگرد ہلاک اور 23 افراد شہید

کوہاٹ(رم نیوز) کوہاٹ پولیس لائنز پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے کامیاب کلیئرنس آپریشن مکمل کرتے ہوئے تمام آٹھ دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔ اس دلخراش واقعے میں شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 23 ہو گئی ہے، جن میں 17 پولیس اہلکار اور 6 عام شہری شامل ہیں، جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق دہشتگردوں نے پہلے پولیس لائنز کی مسجد کو خودکش حملے کا نشانہ بنایا، جس کے بعد بعض حملہ آور سپیشل برانچ کی عمارت میں داخل ہو گئے تھے جنہیں فورسز نے گھیرے میں لے کر ہلاک کر دیا۔ شہدا میں ایس پی، ڈی ایس پی اور انسپکٹر رینک کے سینیئر پولیس افسران بھی شامل ہیں۔ سی ٹی ڈی کے ایڈیشنل آئی جی نے فرنٹ لائن پر رہ کر آپریشن کی خود نگرانی کی، اس دوران دہشتگردوں کے گرینیڈ حملے میں وہ زخمی بھی ہو گئے۔ حملے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے شہدا کی نمازِ جنازہ پولیس لائنز کوہاٹ میں ادا کر دی گئی ہے، جس میں آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید سمیت دیگر اعلیٰ سول و پولیس حکام نے شرکت کی۔ سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ پولیس لائنز اور اطراف کے علاقوں کو مکمل طور پر کلیئر کر کے سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے ۔