سندھ کے 5 اضلاع میں پولیو وائرس کے مثبت نمونے آگئے

کراچی(رم نیوز) سندھ میں انسدادِ پولیو کی مہم کو شدید چیلنج کا سامنا ہے، کیونکہ رواں سال اگست کے دوران صوبے کے 5 اضلاع سے لیے گئے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) سندھ کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، اگست کے مہینے میں کراچی کے چار اور حیدرآباد کے ایک ضلع کے سیوریج اور ماحولیاتی نمونے مثبت آئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق کراچی (ضلع غربی) 1 ماحولیاتی نمونہ مثبت،کراچی (ضلع کورنگی) 1 ماحولیاتی نمونہ مثبت ،کراچی (ضلع وسطی) 1 ماحولیاتی نمونہ مثبت،کراچی (ضلع جنوبی) 1 ماحولیاتی نمونہ مثبت،حیدرآباد 2 ماحولیاتی نمونے مثبت آئے۔ دوسری جانب، ای او سی نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ کراچی کے دیگر اضلاع بشمول ضلع شرقی، کیماڑی اور ملیر میں وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی۔ اس کے علاوہ گھوٹکی، سکھر، جیکب آباد، قمبر، لاڑکانہ، کشمور، دادو، بدین، جامشورو، سجاول، میرپور خاص اور سانگھڑ سے لیے گئے تمام ماحولیاتی نمونے منفی (کلیئر) رہے ہیں۔