واشنگٹن(رم نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے سلسلے میں نیویارک کے دورے کے دوران شہر کے میئر زہران ممدانی سے ملاقات کریں گے۔ رپورٹ کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ اہم ملاقات نیویارک کے سرکاری میئر ہاؤس "گریسی مینشن" میں متوقع ہے۔ میئر ممدانی کی کمیونیکیشن ڈائریکٹر اینا بہر کے مطابق ملاقات میں نیویارک شہر اور اس کے شہریوں کو درپیش مختلف انتظامی و شہری مسائل پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔
وائٹ ہاؤس نے بھی اس ملاقات کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے، تاہم اس کے تفصیلی ایجنڈے کے حوالے سے مزید تفصیلات فی الحال سامنے نہیں آ سکیں۔ یاد رہے کہ ڈیموکریٹک سوشلسٹ زہران ممدانی نے ڈیموکریٹک پارٹی کے پرائمری انتخابات میں سابق گورنر اینڈریو کومو کو شکست دی تھی اور بعد ازاں نومبر کے عام انتخابات میں کامیابی سمیٹ کر نیویارک کے میئر کا منصب سنبھالا تھا۔ وہ ریپبلکن سیاست دانوں خصوصاً صدر ٹرمپ کے لیے ایک نمایاں سیاسی موضوع رہے ہیں، تاہم ممدانی کے میئر منتخب ہونے کے بعد ٹرمپ کے رویے میں مثبت تبدیلی دیکھی گئی ہے۔