باورچی خانے کا سپنچ خطرناک جراثیم کا گڑھ، نئی تحقیق میں انکشاف

نیدرلینڈز(رم نیوز)ایک نئی تحقیق سے انکشاف ہوا ہے کہ کچن میں برتن صاف کرنے کے لیے استعمال ہونے والا سپنچ ،جو بظاہر صاف اور بے ضرر لگتا ہے خطرناک بیکٹیریا کے لیے محفوظ پناہ گاہ ثابت ہوتا ہے۔ 'جرنل آف فوڈ پروٹیکشن' میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق اس میں سلمونیلا، ای کولی اور سٹیفیلوکوکس جیسے جراثیم ہفتوں تک زندہ رہ سکتے ہیں اور سپنچ کے خشک ہونے کے باوجود ختم نہیں ہوتے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سپنچ میں نمی، خوراک کے ذرات اور بار بار استعمال کی وجہ سے یہ جراثیم تیزی سے پنپتے ہیں اور برتنوں یا کاؤنٹر ٹاپس پر منتقل ہو سکتے ہیں۔ ماہرین نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ سپنچ کا ظاہری طور پر صاف نظر آنا یا بدبو سے پاک ہونا اس کے جراثیم سے پاک ہونے کی دلیل نہیں ہے۔