بلیو اکانومی کا فروغ،کورنگی فشریز ہاربر پر 100 ایکڑ پر میری کلچر سٹیٹ بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد / کراچی(رم نیوز) وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری کی زیرِصدارت بلیو اکانومی کے فروغ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کورنگی فشریز ہاربر پر 100 ایکڑ رقبے پر میری کلچر سٹیٹ کے قیام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ اس جدید میری کلچر سٹیٹ میں چار بڑے زونز قائم کیے جائیں گے، جن میں پروسیسنگ اور کولڈ چین انفراسٹرکچر بھی شامل ہوگا۔ اس اقدام کا مقصد ملک میں اعلیٰ مالیت (ہائی ویلیو) کی ماہی گیری کے شعبے کو فروغ دینا ہے۔

جنید انوار چوہدری نے مزید بتایا کہ اس منصوبے کے تحت ریسرچ پارک بھی بنایا جائے گا جہاں تحقیق، جدت اور پیشہ ورانہ تربیت کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، جبکہ یہاں قابلِ تجدید توانائی کے ذرائع بھی استعمال کیے جائیں گے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اس جامع میری کلچر منصوبے سے ساحلی آبادیوں کے لیے روزگار کے نئے معاشی مواقع پیدا ہوں گے اور ملک کی برآمدات اور سرمایہ کاری میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔