نیویارک(رم نیوز) ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی ایک اعلیٰ سفارتی وفد کے ہمراہ نیویارک پہنچ گئے ہیں۔ نیویارک پہنچنے کے فورا بعد انھوں نے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ٹیلیفون پر اہم گفتگو کی۔ ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق، نیویارک میں موجود ایرانی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عباس عراقچی نے واضح کیا کہ اس دورے کا بنیادی مقصد ایک بڑے بین الاقوامی پلیٹ فارم سے ایران کے عوام کے جائز حقوق، قومی مفادات اور مؤقف کا بھرپور انداز میں دفاع کرنا ہے۔ دوسری جانب، ایران کے صدر مسعود پزشکیان بھی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرنے کے لیے نیویارک پہنچیں گے۔ وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر بتایا ہے کہ عباس عراقچی جنرل اسمبلی کے اس اجلاس میں ایرانی سفارتی وفد کے سربراہ کے طور پر فرائض انجام دیں گے۔
ایرانی وزیرِ خارجہ کا دورہ نیویارک، اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے ٹیلیفونک رابطے پر تبادلہ خیال