جنوبی ایشیا میں امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے: ترک صدر رجب طیب اردوان

نیویارک(رم نیوز) ترک صدر رجب طیب اردوان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے ایک بار پھر مسئلہ کشمیر کو زور دار انداز میں اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ جنوبی ایشیا کے اس دیرینہ تنازع کو اقوام متحدہ کے چارٹر اور منظور شدہ قراردادوں کے مطابق بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے۔ ترک صدر نے واضح کیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام اس وقت تک ممکن نہیں جب تک مسئلہ کشمیر کو متعلقہ عالمی قراردادوں کے فریم ورک کے اندر مذاکرات کے ذریعے طے نہیں کیا جاتا۔رپورٹ کے مطابق اپنے خطاب کے دوران صدر اردوان نے عالمی نظام کو بہتر بنانے کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں فوری اصلاحات پر بھی زور دیا۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارت اور ترکیہ کے درمیان کشمیر پر انقرہ کے اصولی مؤقف کی وجہ سے پیدا ہونے والے سفارتی تناؤ کے بعد تعلقات کی بحالی کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔