لاہور(رم نیوز) پنجاب یونیورسٹی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر خرم شہزاد نے جرمنی کی مایہ ناز بیلیفیلڈ یونیورسٹی کی دعوت پر سوشل میڈیا پر جعلی خبروں اور مائیگریشن کے موضوع پر خصوصی تربیتی ورکشاپ منعقد کی ہے، جس کی بین الاقوامی سطح پر بھرپور پذیرائی ہوئی ہے۔
یہ ورکشاپ ڈاکٹر خرم شہزاد کی پاکستان میں مکمل کی گئی پی ایچ ڈی تحقیق اور اس کے تحت وضع کردہ 11 سائنسی اشاریوں پر مبنی ماڈل پر تشکیل دی گئی تھی۔سیشن کے دوران جرمنی میں مائیگریشن سے متعلق پھیلائی جانے والی جعلی خبروں کو کیس سٹڈی کے طور پر پیش کیا گیا اور طلباء کو پروپیگنڈہ مواد کی سائنسی شناخت کے آسان طریقے سکھائے گئے۔
بیلیفیلڈ یونیورسٹی کے ماہرین اور ڈاکٹر خرم شہزاد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک کی جامعات کے درمیان ایسے علمی اشتراک سے مشترکہ سماجی مسائل کو سمجھنے اور ان کے حل میں مدد ملے گی۔