وزیراعظم شہباز شریف کی آئی ایم ایف ایم ڈی سے ملاقات، معاشی اصلاحات اور استحکام پر گفتگو

نیویارک (رم نیوز)وزیراعظم شہباز شریف اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کے درمیان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سائیڈ لائنز پر اہم ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان کے معاشی امور اور جاری اصلاحاتی ایجنڈے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں ایم ڈی آئی ایم ایف نے پاکستانی معیشت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اصلاحات پر مضبوط عمل درآمد کی بدولت ملک میں معاشی استحکام برقرار رکھنے، سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے اور پاکستان کی عالمی منڈی تک رسائی کو بحال کرنے میں بڑی کامیابی ملی ہے۔ کرسٹالینا جارجیوا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر پاکستان اسی تسلسل کے ساتھ اصلاحات کا عمل جاری رکھتا ہے تو اس سے نہ صرف معاشی ترقی کی رفتار تیز ہوگی بلکہ عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔