افغان سرزمین سے ڈرون حملے ہرگز برداشت نہیں کریں گے، دفاعی حق کے تحت فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا: عطا تارڑ

اسلام آباد(رم نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان افغان سرزمین سے پاکستان میں ڈرونز کے ذریعے کی جانے والی دانستہ اور غیر قانونی دراندازی کی شدید ترین مذمت کرتا ہے، جو کہ ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستانی فضائی دفاعی نظام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام درانداز ڈرونز کا سراغ لگایا اور انہیں اہداف تک پہنچنے سے پہلے ہی ناکارہ بنا دیا۔ اپنے دفاع کے حق کے تحت پاکستان نے افغانستان میں ان 10 مقامات پر محدود فضائی و ڈرون حملے کیے جہاں سے یہ ڈرونز لانچ کیے گئے تھے۔ عطا تارڑ نے مزید کہا کہ پاکستان افغان سرزمین سے ہونے والی کسی بھی جارحیت کو برداشت نہیں کرے گا اور ہر خلاف ورزی کا فوری جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے افغان طالبان حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان کے خلاف دشمنانہ سرگرمیاں فوری بند کرے اور دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر اقدامات اٹھائے۔