او آئی سی کا اجلاس، حاقان فیدان کا غزہ اور لبنان پر اسرائیلی جارحیت کو فوری روکنے پر زور

نیویارک(رم نیوز) ترکیہ کے وزیرخارجہ حاقان فیدان کی زیر صدارت نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کا سالانہ رابطہ اجلاس منعقد ہوا۔ ترک سفارتی ذرائع کے مطابق، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حاقان فیدان نے غزہ میں جاری اسرائیلی کارروائیوں، فلسطین میں غاصبانہ اقدامات اور شام و لبنان پر حملوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے عالم اسلام کو درپیش سنگین چیلنجز کا احاطہ کرتے ہوئے ایران، یمن، لیبیا، سوڈان اور صومالیہ کی تازہ ترین صورتحال پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی۔ ترک وزیر خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسلم اقلیتوں اور کمیونٹیز کے حقوق کے تحفظ کے لیے او آئی سی کو اپنا مؤثر، فعال اور کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔ واضح رہے کہ او آئی سی کے وزرائے خارجہ کا یہ اجلاس ہر سال یو این جنرل اسمبلی کے ہفتے کے دوران منعقد کیا جاتا ہے، جس کا مقصد رکن ممالک کو اہم بین الاقوامی اور علاقائی امور پر مشترکہ لائحہ عمل طے کرنے کا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔