موسمیاتی فنڈز کے ثمرات نچلی سطح تک پہنچانا ناگزیر ہیں:وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب

نیویارک (رم نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ موسمیاتی اہداف کے ثمرات کو محض بلند بانگ دعوؤں تک محدود رکھنے کے بجائے عام عوام اور مقامی کمیونٹیز تک عملی طور پر پہنچایا جائے۔ نیویارک میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ خزانہ نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ موسمیاتی منصوبوں پر مؤثر عملدرآمد کے لیے مضبوط پالیسی سازی اور مالی وسائل تک آسان رسائی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اب محض باتوں سے کام نہیں چلے گا بلکہ زمینی حقائق کے مطابق عملی اقدامات پر اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا۔ وزیرِ خزانہ نے مزید بتایا کہ پاکستان ملکی سطح پر موسمیاتی منصوبوں کی عملدرآمدی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے کوشاں ہے۔ اس مقصد کے لیے اندرونی وسائل کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور مخصوص موسمیاتی فنڈز سے فنڈنگ حاصل کرنے کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری ہیں۔