یوٹیوب نے صارفین کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے نئے اے آئی فیچرز پیش کر دیے

واشنگٹن(رم نیوز) یوٹیوب نے اپنے سالانہ ’میڈ آن یوٹیوب‘ ایونٹ میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی انقلابی فیچرز کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جن کا مقصد صارفین اور مواد تخلیق کاروں دونوں کے لیے تجربے کو یکسر بدلنا ہے۔ نئے متعارف کرائے جانے والے فیچرز میں ’آسک یوٹیوب‘ کو مرکزی حیثیت حاصل ہے، جو ناظرین کو ویڈیو کے دوران ہی سوالات پوچھنے، متعلقہ مصنوعات تلاش کرنے اور ٹی وی پر وائس کمانڈ کے ذریعے من پسند مواد حاصل کرنے کی سہولت دے گا۔

اس کے ساتھ ساتھ ’کاسٹوم فیڈز‘ کے ذریعے صارفین اب سادہ ٹیکسٹ پرامپٹس کی مدد سے اپنے ہوم پیج کو مکمل طور پر اپنی مرضی کے مطابق ڈھال سکیں گے، جس کا آغاز ابتدائی طور پر امریکا میں کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب کانٹینٹ کریٹرز کے لیے بھی جدید ترین اے آئی ایڈیٹنگ ٹولز لائے گئے ہیں جن کی مدد سے صرف ٹیکسٹ پرامپٹس کے ذریعے ویڈیو ایڈیٹنگ کے پیچیدہ مراحل کو آسان بنایا جاسکے گا۔ ڈیپ فیکس سے بچاؤ کے لیے آواز اور چہروں کے تحفظ کے خصوصی حفاظتی ٹولز بھی جلد پیش کیے جائیں گے۔