امریکہ سے براہ راست بات چیت ناممکن، شرائط مان لیں تو آبنائے ہرمز 7 دن میں کھول سکتے ہیں: ایرانی صدر

تہران(رم نیوز) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ براہ راست مذاکرات اعتماد کے شدید فقدان کے باعث ممکن نہیں ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر امریکہ شرائط تسلیم کرے تو ثالثوں کے ذریعے طے شدہ تجویز کے تحت 7 روز کے اندر آبنائے ہرمز دوبارہ کھول سکتے ہیں۔ صدر پزشکیان کا کہنا تھا کہ جوہری پروگرام مکمل ختم کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، تاہم جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے کے تحت اس کی حدود طے اور معائنے کے نئے انتظامات پر اتفاق ممکن ہے۔ ایرانی صدر نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کے حملوں نے اعتماد کو نقصان پہنچایا ہے، اور تہران دباؤ یا دھمکی کے تحت کوئی معاہدہ قبول نہیں کرے گا۔ امریکہ کو تحریری وعدے کرنا ہوں گے کہ اس کا مقصد ایرانی حکومت کا تختہ الٹنا نہیں ہے۔ ایران جنگ نہیں چاہتا لیکن حملے کی صورت میں دفاع کا حق رکھتا ہے اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ خطے کی ترقی کے لیے تیار ہے۔